پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے ساتھ مل کر جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تیاری کے لیے اظہارِ دلچسپی (EOI) کی منظوری دے دی ہے۔
بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ لاہور میں ہونے والے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں کرکٹ سے متعلق اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کھیل کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا اور سعودی عرب میں کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔
کرکٹ کے میدان میں عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام رکھنے والا پاکستان اب سعودی عرب کو اسٹیڈیمز کی تعمیر اور کرکٹ کے فروغ میں بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ دسمبر 2024 میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی ہم منصب شہزادہ سعود بن مشال آل سعود سے ملاقات میں کرکٹ روابط کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا تھا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
سعودی عرب میں کرکٹ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ 2020 میں ایس اے سی ایف کے قیام کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔ فیڈریشن نے ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے، مقامی سطح پر پروگرامز بڑھانے اور مستقبل میں ایک مضبوط قومی ٹیم تیار کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
تاریخی طور پر سعودی عرب میں کرکٹ کا آغاز 1960 کی دہائی میں ہوا، جبکہ ملک کو 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا الحاق شدہ رکن بنایا گیا اور 2016 میں اسے ایسوسی ایٹ رکنیت حاصل ہوئی۔
مزید برآں، نومبر 2024 میں جدہ میں انڈین پریمیئر لیگ کی نیلامی کی میزبانی نے بھی عالمی سطح پر سعودی عرب میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ماہرین کے مطابق پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے درمیان یہ شراکت داری نہ صرف خطے میں کرکٹ کے فروغ کا باعث بنے گی بلکہ مستقبل میں سعودی عرب کو عالمی کرکٹ نقشے پر نمایاں مقام دلانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
