ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انتہائی غیرمعمولی اور چونکا دینے والا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ “آج رات ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کے لیے ختم ہو سکتی ہے”، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایسا نہیں چاہتے لیکن اس کا امکان موجود ہے۔
اپنے تازہ بیان میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران میں “رجیم چینج” ہو چکی ہے اور اب وہاں کی قیادت مختلف، زیادہ اسمارٹ اور کم شدت پسند ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی 47 سالہ تاریخ، جسے انہوں نے خونریزی، بدعنوانی اور اموات سے تعبیر کیا، اب اپنے اختتام کے قریب ہے۔ ان کے مطابق آج کی رات عالمی تاریخ میں ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ممکن ہے کہ آج رات کچھ “انقلابی اور حیرت انگیز” ہو جائے، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے، اور اس نوعیت کے بیانات عالمی سطح پر تشویش اور غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
