سابق امریکی نائب صدر کاملا ہیریس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جنگی جرائم اور “پوری تہذیب مٹانے” جیسی خطرناک دھمکیاں دے رہے ہیں۔
اپنے بیان میں کاملا ہیریس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے اپنی پالیسیوں کے باعث ایک تباہ کن جنگ کو جنم دیا، مگر اب ان کے پاس اس بحران کو ختم کرنے کی کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں۔ انہوں نے اس طرز عمل کو “مکروہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام اس کی حمایت نہیں کرتے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ صدر ٹرمپ کی غیر سنجیدہ اور لاپروائی پر مبنی پالیسیوں کے باعث امریکی فوجیوں کی جانیں بلاوجہ خطرے میں پڑ رہی ہیں، جبکہ عالمی سطح پر امریکا کا تشخص بھی متاثر ہو رہا ہے۔
کاملا ہیریس نے مزید کہا کہ اس جنگ کے اثرات صرف میدان جنگ تک محدود نہیں بلکہ امریکی شہری بھی مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس پالیسی کے خلاف آواز اٹھائیں اور اس “غیرقانونی جنگ” کے لیے فنڈنگ کی مخالفت کریں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی سیاسی قیادت میں بڑھتی ہوئی تقسیم اس بات کا اشارہ ہے کہ ایران تنازع نہ صرف عالمی بلکہ داخلی سطح پر بھی امریکا کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment