ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے مشیر انور قرقاش نے کہا ہے کہ یو اے ای نے حالیہ جنگ میں کامیابی حاصل کی اور اپنے قومی مفادات کا بھرپور دفاع کیا۔
اپنے بیان میں انور قرقاش کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران اماراتی دفاعی نظام نے نہ صرف ملک کی خودمختاری بلکہ قومی وقار کا بھی موثر تحفظ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ دشمن کی جارحیت کے باوجود متحدہ عرب امارات نے اپنی ترقیاتی کامیابیوں کو متاثر نہیں ہونے دیا، جو قیادت کی مضبوط حکمت عملی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای خطے میں جاری پیچیدہ اور بدلتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق اماراتی قیادت مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی اور طاقت، استحکام اور ثابت قدمی کے ذریعے "اماراتی ماڈل” مزید مضبوط ہوگا۔
دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے ایران-امریکہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھا جانا چاہیے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل بلا تعطل جاری رہ سکے۔
بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ یہ جنگ بندی ایک جامع اور پائیدار امن کی بنیاد بنے گی، جس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی استحکام آئے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خلیجی ممالک کا یہ مثبت ردعمل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خطے کی بڑی طاقتیں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل کی طرف بڑھنا چاہتی ہیں، جو عالمی معیشت اور امن کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے
