تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ بندی ایران کے طے شدہ اصولی مؤقف اور قومی مفادات کے عین مطابق ہے، جو ملک کی مستقل پالیسی اور حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ایرانی صدر نے جنگ بندی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے عظیم شہید رہنما آیت اللہ خامنہ ای کے خون کا ثمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ایران کی مزاحمت، استقامت اور اصولی موقف کی جیت ہے۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ایرانی عوام کی بھرپور شرکت، اتحاد اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آج کے بعد ایران سفارتکاری اور دفاع دونوں میدانوں میں مزید مضبوط، منظم اور متحد انداز میں آگے بڑھے گا۔
دوسری جانب حالیہ دنوں میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان ہونے والے رابطے کے بعد سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔
ایرانی صدر نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ ایران کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، جہاں اسلام آباد میں اہم مذاکرات متوقع ہیں۔ ان مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور ایران-امریکہ کشیدگی کے بعد کی پیش رفت پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو بھی تقویت دے گی
