فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری جنگ بندی ناگزیر ہے، اور اس حوالے سے عالمی برادری کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
پیرس سے جاری بیان کے مطابق ایمانوئل میکرون نے ایران اور امریکا کے صدور سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال اور جنگ بندی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فرانسیسی صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں مستقل امن کیلئے صرف عارضی جنگ بندی کافی نہیں بلکہ جامع اور بامعنی مذاکرات کی ضرورت ہے۔
ایمانوئل میکرون نے آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کو ختم کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کیلئے اس راستے کا کھلا رہنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرانس خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
اس کے علاوہ میکرون نے قطر، متحدہ عرب امارات، لبنان اور عراق کی قیادت سے بھی رابطے کیے، جن میں علاقائی استحکام اور سفارتی تعاون پر زور دیا گیا۔
فرانسیسی صدر نے لبنان پر اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق فرانس کی بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ یورپی ممالک بھی مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کیلئے زیادہ فعال کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔
