یائیر گولان نے بنیامین نیتن یاہو کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں اسرائیل اپنے اسٹریٹیجک اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، بلکہ اس کے برعکس ایران مزید مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے۔
تل ابیب سے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق یائیر گولان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی قیادت میں ایران کے نظام کو کمزور کرنے کے بجائے اسے مزید استحکام ملا، جو اسرائیل کی سیکیورٹی کیلئے خطرناک پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیامین نیتن یاہو خود اسرائیل کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں اور وہ ایک دن کیلئے بھی اقتدار میں رہنے کے اہل نہیں ہیں۔
یائیر گولان نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر کے واقعات کے دوران ناکام رہنے والی کابینہ کو آئندہ قیادت کا حق نہیں دیا جانا چاہیے، کیونکہ اس کی پالیسیوں نے ملک کو مزید غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی حقیقی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حکومت کو تبدیل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، تاکہ نئی قیادت ایک مؤثر اور متوازن حکمت عملی کے ذریعے چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیل کے اندر سے آنے والی اس نوعیت کی تنقید اس بات کی علامت ہے کہ ملک کے اندر سیاسی اور سیکیورٹی پالیسیوں پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں، جو مستقبل میں سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment