امریکی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں جاری ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات کا سلسلہ آج اتوار تک بھی جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے سفارتی سطح پر پیش رفت کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق پاکستانی ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے، جبکہ پاکستان اس پورے عمل میں ثالث کا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز جلد کھلنے جا رہی ہے، اور امریکی تیل کی ترسیل کیلئے خالی ٹینکرز کی بڑی تعداد اس جانب روانہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی میڈیا صرف منفی پہلوؤں کو اجاگر کر رہا ہے۔
ادھر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان پہنچنے والا اعلیٰ سطحی ایرانی وفد قومی مفادات کا محافظ ہے اور مکمل اعتماد کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وفد بہادری اور ذمہ داری کے ساتھ بات چیت کرے گا اور عوامی خدمت کا عمل کسی صورت متاثر نہیں ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مذاکرات کا دورانیہ بڑھنے کی خبریں اس بات کی علامت ہو سکتی ہیں کہ دونوں فریقین کسی مشترکہ نکتہ نظر تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کا ثالثی کردار خطے میں سفارتی اہمیت کو مزید اجاگر کر رہا ہے
