نواف سلام نے ملک کی بگڑتی داخلی صورتحال کے پیش نظر اقوام متحدہ اور امریکا کا طے شدہ دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں لبنانی وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات کے باعث وہ بیروت میں رہ کر عوام کی سلامتی اور حکومتی امور کی نگرانی کو ترجیح دیں گے۔ ان کے مطابق ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔
دوسری جانب لبنان نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے والے اہم جنگ بندی مذاکرات میں شرکت کرے گا، جہاں امریکا اور اسرائیل کے نمائندوں کے ساتھ ممکنہ سیزفائر پر بات چیت کی جائے گی۔
سینئر لبنانی عہدیدار کے مطابق اگرچہ مذاکرات کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، تاہم لبنان کا مؤقف واضح ہے کہ کسی بھی وسیع تر سیاسی یا سکیورٹی معاہدے سے قبل فوری جنگ بندی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق سیزفائر کے بغیر نہ تو کشیدگی کم ہو سکتی ہے اور نہ ہی بامعنی مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو سکتا ہے۔
یہ اہم پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں پائیدار امن کیلئے اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان بھی مذاکرات جاری ہیں، جس سے مشرق وسطیٰ میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment