ایک سینئر پاکستانی ذریعے کے مطابق پاکستان میں ہونے والے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ کسی باضابطہ معاہدے کے بغیر ختم ہونے کے بعد اسلام آباد نے دونوں فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں ممالک نے عوامی سطح پر اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کیا، تاہم ابتدائی دور میں کوئی بڑی پیش رفت نہ ہو سکی۔ اس کے باوجود پاکستانی حکام نے صورتحال پر محتاط امید برقرار رکھتے ہوئے آئندہ رابطوں کے امکانات کو زندہ رکھا ہے۔
اعلیٰ سطحی ذریعے کے مطابق پاکستان مسلسل واشنگٹن اور تہران کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں فریقین پر زور دے رہا ہے کہ جلد از جلد مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کیا جائے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی یہ سرگرم سفارتکاری خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ تصادم کو روکنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔
