امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کی قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔
ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور عاصم منیر کو خصوصی کریڈٹ دینا چاہتے ہیں کیونکہ دونوں رہنما بہترین میزبان ثابت ہوئے اور انہوں نے نہایت ذمہ داری کے ساتھ سفارتی ماحول کو سازگار بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کرانے میں حقیقی قیادت اور مدبرانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق پاکستان نے ایسے دو ممالک کے درمیان مذاکرات کو ممکن بنایا جو طویل عرصے سے سنجیدہ بات چیت کے عمل سے دور تھے۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم ہوا، جس نے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جے ڈی وینس کا یہ بیان نہ صرف پاکستان کی سفارتی کامیابی کا اعتراف ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ اسلام آباد خطے میں ایک اہم ثالث کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کر رہا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کی یہ سفارتی کاوشیں عالمی سطح پر مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں، جہاں طاقت کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دینے پر زور دیا جا رہا ہے
