پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی بندرگاہوں کی ممکنہ ناکہ بندی کے معاملے پر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور اس اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایرانی بندرگاہوں کی ممکنہ ناکہ بندی سے متعلق پاکستان کے مؤقف پر غور کریں گے، کیونکہ اس اقدام کو ایران کے ساتھ جاری امن کوششوں میں رکاوٹ سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رابطے میں آبی گزرگاہوں کی بندش کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر واضح کیا کہ اگر آبی راستوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی تو اس کے نہ صرف مذاکراتی عمل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ پورے خطے کے استحکام کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق موجودہ حالات مزید بات چیت کے لیے سازگار نہیں ہیں۔
ادھر امریکا کی جانب سے اس رابطے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان حالیہ عرصے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم ہیں، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر فوری پیش رفت کا امکان محدود دکھائی دیتا ہے

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment