دوحہ / اسلام آباد: قطر نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے اسے امن کے قیام کے لیے ایک مؤثر اور مثبت کردار قرار دیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان خطے میں تناؤ کم کرنے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق قطر اس سفارتی عمل میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور دونوں ممالک علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حساس صورتحال میں مذاکرات کے دائرہ کار کو غیر ضروری طور پر وسیع کرنے کے بجائے سنجیدہ، نتیجہ خیز اور بامقصد بات چیت پر توجہ مرکوز رکھنا ناگزیر ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام صرف مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، اس لیے تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ کشیدگی میں اضافہ نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتا ہے، لہٰذا فوری طور پر تحمل، برداشت اور سفارتی اقدامات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان اور قطر کی یہ ہم آہنگی خطے میں امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جو آئندہ سفارتی کوششوں کو مزید تقویت دے سکتی ہے
