اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس، المعروف القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سنائی گئی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقرر کر دی گئی ہیں۔
عدالتی ذرائع کے مطابق کیس کی سماعت چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ کرے گا۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے دونوں اپیلوں کو کاز لسٹ میں شامل کرتے ہوئے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ کیس اس سے قبل 22 اپریل کو بھی سماعت کے لیے مقرر تھا، تاہم کسی وجہ سے اس کی سماعت نہ ہو سکی تھی۔ اب تازہ کاز لسٹ کے مطابق اپیلوں کی سماعت کل دوپہر 12 بجے کمرہ عدالت نمبر ایک میں ہوگی۔
دوسری جانب عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ اپیل پر سماعت مقرر ہو چکی ہے اور اب تک اس کیس میں مجموعی طور پر 18 سماعتیں ہو چکی ہیں۔ تاہم ان کے مطابق ضمانت کی درخواست پر تاحال باقاعدہ سماعت نہیں ہو سکی۔
قانونی ماہرین کے مطابق اس کیس کی پیش رفت نہ صرف عدالتی لحاظ سے اہم ہے بلکہ اس کے ملکی سیاسی منظرنامے پر بھی دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
