ریاض : خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اعلیٰ سرپرستی میں جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز (GAMI) آئندہ ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کے تیسرے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا، جو 8 سے 12 فروری 2026 کے دوران سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگا۔
شاہی فرمان کے تحت اس عظیم عالمی تقریب کا افتتاح وزیرِ دفاع اور GAMI کے نائب چیئرمین شہزادہ خالد بن سلمان کریں گے، جو اپنے والد شاہ سلمان کی جانب سے نمائندگی کریں گے۔ یہ بین الاقوامی نمائش سعودی وژن 2030 کے اہداف کی بھرپور عکاسی ہے، جس کا مقصد مقامی دفاعی صنعت کو فروغ دینا اور دنیا بھر سے صنعت کے رہنماؤں، ماہرین، اور شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔
GAMI کے گورنر احمد العوهلی نے شاہ سلمان اور ولی عہد، وزیر اعظم، اور GAMI کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاہی سرپرستی سعودی قیادت کے اس غیر متزلزل عزم کا تسلسل ہے، جس کے تحت مملکت 2030 تک دفاعی اخراجات کا 50 فیصد مقامی سطح پر صرف کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔ ہم نہ صرف عالمی شراکت داریوں کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ مملکت کی صنعتی صلاحیتوں کو بھی بروئے کار لا رہے ہیں
نمائش کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈریو پیرسی نے بتایا کہ2026 کا ایڈیشن حکومتی و نجی اداروں کے باہمی تعاون کا عملی مظہر ہوگا۔ ایک چوتھے ہال کے اضافے سے نمائش کا رقبہ 58 فیصد بڑھایا جا رہا ہے، جو اسے ایک عالمی معیار کی دفاعی اسٹیج میں بدل دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "یہ پلیٹ فارم ٹیکنالوجی ٹرانسفر، ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ، اور بزنس پارٹنرشپس کے فروغ کا عالمی ذریعہ بنے گا۔”
ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کو اس انداز سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے کہ یہ بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے دفاعی صنعت میں نئے تعاون، شراکت داریوں اور سرمایہ کاری کے بے مثال مواقع پیدا کرے گا۔ اس نمائش کو نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری دنیا کے لیے دفاعی تعاون کی ایک نئی جہت تصور کیا جا رہا ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی، ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ اور عالمی قیادت کو یکجا کر کے مستقبل کی دفاعی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
