یورپی ملک موناکو ایک بار پھر دنیا کی مہنگی ترین جائیدادوں کے مرکز کے طور پر خبروں کی زینت بن گیا ہے، جہاں ایک انتہائی شاہانہ اور پُرتعیش پینٹ ہاؤس کی فروخت نے عالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کیپٹل منجمنٹ سسٹم، جو یوکرین کے معروف ارب پتی Rinat Akhmetov کی ملکیت ہے، نے “لے رینزو” نامی پرتعیش عمارت میں موجود ایک شاندار پینٹ ہاؤس 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر میں خرید لیا۔ اس حیران کن سودے کو دنیا کی تاریخ کے مہنگے ترین اپارٹمنٹ کی فروخت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پُرتعیش پینٹ ہاؤس پانچ منزلوں پر مشتمل ہے اور اس کا مجموعی رقبہ 26 ہزار 900 مربع فٹ سے بھی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔ سمندر کے کنارے واقع یہ رہائش گاہ بحیرۂ روم کے حسین اور دلکش مناظر پیش کرتی ہے، جس کی وجہ سے اسے دنیا کی چند منفرد ترین جائیدادوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
اس شاہانہ اپارٹمنٹ میں 21 عالی شان کمرے، 8 خصوصی پارکنگ اسپیس، وسیع ٹیرس، نجی سوئمنگ پول، جکوزی، جدید ترین اسمارٹ ہوم آٹومیشن سسٹم اور انتہائی مہنگا پریمیم فرنیچر شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پینٹ ہاؤس کی تعمیر اور ڈیزائن میں دنیا کی جدید ترین آرکیٹیکچر اور لگژری سہولیات کو یکجا کیا گیا ہے۔
موناکو جو ویٹیکن سٹی کے بعد یورپ کی دوسری سب سے چھوٹی خودمختار ریاست ہے، پہلے ہی دنیا کی مہنگی ترین رئیل اسٹیٹ مارکیٹس میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ برس یہاں فی مربع میٹر جائیداد کی اوسط قیمت 82 ہزار 300 ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی تھی، جو دنیا کے بیشتر بڑے شہروں سے کئی گنا زیادہ ہے۔
رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق موناکو میں محدود زمین، انتہائی سخت تعمیراتی قوانین، ٹیکس فوائد اور دنیا بھر کے ارب پتی افراد کی دلچسپی نے یہاں جائیدادوں کی قیمتوں کو آسمان تک پہنچا دیا ہے۔ یہ نیا ریکارڈ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی امرا اب بھی لگژری پراپرٹی میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو محفوظ اور پُرکشش سمجھتے ہیں۔
