پاکستان کرکٹ بورڈ لاہور:کی ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ حیران کن طور پر، 23 سالہ آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی کپتانی کا اعزاز دیا گیا ہے۔ یہ ایونٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
فاطمہ ثنا اس سے قبل ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی کامیابی سے ٹیم کی قیادت کر چکی ہیں، جہاں پاکستان نے 100 فیصد جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
اب وہ ایک مکمل ورلڈ کپ اسکواڈ کی قیادت کریں گی، جس میں نئے اور پرجوش چہرے شامل کیے گئے ہیں۔نوجوان کھلاڑیوں ایمان فاطمہ اور صدف شمس کو پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ایمان فاطمہ نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا، جبکہ ان کے ساتھ شوال ذوالفقار، سیدہ عروب شاہ اور رمین شمیم بھی پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایمان، شوال اور عروب نے انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کا ویمنز اسکواڈ نوجوان خون سے بھرپور ہے۔
ایمان فاطمہ اور صدف شمس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ گل فیروزہ اور نجیحہ علوی کو پانچ رکنی ریزرو اسکواڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے، جس میں طوبی حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر بھی شامل ہیں۔
تمام کھلاڑی 29 اگست سے 14 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گی، جو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہیڈ کوچ محمد وسیم کی زیر نگرانی ہوگا۔
اس دوران کھلاڑیوں کو نیٹ سیشنز اور 50 اوورز کے پریکٹس میچز کے ذریعے بھرپور تیار کیا جائے گا۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنے تمام گروپ میچز کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔سیمی فائنل 29 اکتوبر اور فائنل 2 نومبر کو بھی کولمبو میں ہی ہوں گے۔
پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز 16 ستمبر سے لاہور میں شروع ہوگی، جس کے لیے مہمان ٹیم 12 ستمبر کو پہنچے گی۔
