ایران فٹبال فیڈریشن نے واضح اور سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی بیرونی طاقت ایران کو فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم نہیں کر سکتی، کیونکہ ایرانی ٹیم اپنی صلاحیت اور کارکردگی کی بنیاد پر میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق فیڈریشن نے ورلڈ کپ میں ایران کی ممکنہ شرکت سے متعلق جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ایونٹ کے باضابطہ آغاز میں اب تقریباً ایک ماہ کا وقت باقی ہے اور قومی ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔
فیڈریشن کے مطابق ایرانی فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ مسلسل جاری ہے، جبکہ کھلاڑیوں کی مکمل تیاری کے بعد ٹیم جلد تربیتی دورے کیلئے ترکی روانہ ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر بھی بڑے مقابلوں کیلئے تیار کی جا رہی ہے۔
ایرانی فٹبال حکام نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ میدان میں بہترین کھیل پیش کرکے حاصل کی ہے، اس لیے کسی سیاسی دباؤ یا بیرونی مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ “کوئی بیرونی طاقت ایران کو ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم نہیں کر سکتی۔”
فیڈریشن نے میزبان ملک کو بھی سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران ورلڈ کپ میں اپنی شرکت یقینی بنائے گا، تاہم میزبان کو ایران کے تحفظات اور قومی وقار کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر میزبان نے “میزبانی کے آداب” کا خیال نہ رکھا تو ایران اسے “دوسری زبان” میں سمجھانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس بیان کو خطے میں جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں کھیلوں کے میدان میں بھی سفارتی اور سیاسی اثرات نمایاں ہوتے جا رہے ہیں۔ کھیلوں کے ماہرین کے مطابق ایران کا یہ سخت لہجہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تہران عالمی سطح پر کسی بھی ممکنہ دباؤ کو قبول کرنے کے موڈ میں نہیں۔
