قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو اہم مشورہ دیا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ’ہسنا منع ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے، اکرم نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور انہیں دباؤ سے نکل کر پُرسکون رہنا چاہیے۔ وسیم اکرم نے بابر کو یاد دلایا کہ فارم وقتی ہوتی ہے، لیکن کلاس ہمیشہ کے لیے رہتی ہے، لہٰذا محنت جاری رکھیں اور وہ دوبارہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوں گے۔
وسیم اکرم نے بابر اعظم کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بابر کے پاس میچ ونر بننے کی تمام صلاحیتیں ہیں،وسیم اکرم نے بابر اعظم کی بیٹنگ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابر کے پاس تمام ضروری صلاحیتیں ہیں جو انہیں میچ جتوانے والے کھلاڑی بنا سکتی ہیں۔ اکرم نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بابر اعظم اپنی بیٹنگ سے میچز جیتیں اور اپنے آپ کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ثابت کریں۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیم میں اختلافات کا ذکر کیا، نوجوان کھلاڑیوں کی ناپختگی پر روشنی ڈالی،وسیم اکرم نے اپنے کرکٹ کے دنوں کے بارے میں کھل کر بات کی اور کہا کہ ان کے دور میں ٹیم میں اندرونی اختلافات اور انا پرستی کی وجہ سے بہت سی مشکلات پیش آئیں۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بعض اوقات ان تنازعات میں ان کے قریبی دوست بھی شامل ہوتے تھے، کیونکہ اس وقت ٹیم نسبتاً نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی اور مناسب رہنمائی کی کمی تھی، جس کی وجہ سے یہ اختلافات بڑھ گئے۔
وسیم اکرم نے حالیہ دنوں میں اپنے اور بھارت کے اسٹار پیسر جسپریت بمراہ کے درمیان ہونے والے موازنے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے موازنے ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے۔ اکرم نے کہا کہ یہ صرف سوشل میڈیا صارفین اور شائقین کے درمیان زیرِ بحث رہتے ہیں، اور اس پر توجہ دینے کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے بمراہ کو ایک شاندار اور متاثرکن بولر قرار دیا۔
وسیم اکرم نے اپنے زندگی کے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کیا، جب شارجہ اسٹیڈیم میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے جب اسٹیج پر قدم رکھا، تو شائقین کا جوش و خروش توقع سے کم تھا۔ لیکن جب مشہور ٹک ٹاکر مسٹر پٹلو کو اسٹیج پر بلایا گیا، تو پورا ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔ وسیم اکرم نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس منظر نے انہیں حیران کر دیا، اور وہ تابش ہاشمی کے ساتھ پردے کے پیچھے کھڑے ہو کر سوچ رہے تھے کہ آخر لوگوں کو ٹک ٹاک ویڈیوز سے اتنی شہرت کیسے مل جاتی ہے۔
