آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جو پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے کسی جھٹکے سے کم نہیں۔ بابر اعظم اور محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ 20 بیٹرز کی فہرست سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں زمبابوے کے اسٹار سکندر رضا نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں تین درجے تنزلی کے بعد 21ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ محمد رضوان دو درجے نیچے آ کر 22ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ ایک وقت تھا جب یہ دونوں کھلاڑی رینکنگ کے ٹاپ 5 کا مستقل حصہ ہوا کرتے تھے، لیکن اب فارم اور کارکردگی میں کمی نے انہیں باہر کر دیا ہے۔
دوسری جانب نوجوان بیٹر حسن نواز کی کارکردگی نے سب کو حیران کیا ہے، جو دو درجے ترقی کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 31ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کے بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے جو روٹ پہلی، ہیری بروک دوسری اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی رینکنگ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا بحران جاری ہے۔ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 20 میں شامل نہیں۔ سفیان مقیم 11 درجے ترقی کے بعد 21ویں نمبر پر پہنچے ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 8 درجے بہتری کے بعد 26ویں نمبر پر ہیں۔ حارث رؤف کی رینکنگ میں چار درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب 28ویں پوزیشن پر آ چکے ہیں۔
زمبابوے کے سکندر رضا نے حالیہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار پرفارمنس کے ذریعے ون ڈے فارمیٹ میں دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ایک درجہ نیچے آ کر دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم کی تیسری پوزیشن برقرار ہے، اگرچہ ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اب بھی موجود ہے۔ محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 26ویں نمبر پر جا پہنچے ہیں، جبکہ فخر زمان ایک درجے بہتری کے ساتھ 27ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
