دبئی: متحدہ عرب امارات کے مشہور شہر دبئی کی آبادی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھوتے ہوئے 40 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔ دبئی ڈیٹا اینڈ اسٹیٹکس اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، 1975 میں دبئی کی آبادی صرف 1 لاکھ 87 ہزار تھی، جو 2011 میں 20 لاکھ تک پہنچی اور اب 2025 میں 40 لاکھ کی حد عبور کر گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، موجودہ شرح برقرار رہی تو دبئی کی آبادی 2032 تک 50 لاکھ اور 2039 تک 60 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق، دبئی اب سرمایہ کاروں، ہنر مند پروفیشنلز، ملینئرز اور بلینیئرز کے لیے ایک پرکشش عالمی مرکز بن چکا ہے، جس کے باعث آبادی میں تیز رفتار اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی میں اس تیزی سے ہونے والا اضافہ مستقبل میں رہائش، تعلیم، صحت، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شہری سہولیات کی طلب کو بڑھا سکتا ہے۔
دبئی میں پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور آبادی میں اضافے سے ٹریفک جام، نئی ہاؤسنگ اسکیمز کی ضرورت اور انفراسٹرکچر پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ تاہم، میٹرو بلیو لائن اور نئے ریٹیل پروجیکٹس جیسے بڑے انفراسٹرکچر اقدامات آبادی کے دباؤ کو سنبھالنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب دبئی میں حال ہی میں 25 ملین ڈالر (ڈھائی کروڑ ڈالر) مالیت کے نایاب ہیرے کی چوری کا واقعہ پیش آیا، جس میں پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کر کے اعلیٰ سکیورٹی انتظامات کا ثبوت دیا ہے، جو دبئی کو محفوظ ترین شہروں میں شمار کرواتا ہے۔
