بھارت نے ایشیا کپ 2025 کے اپنے پہلے میچ میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر متحدہ عرب امارات کو باآسانی شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
یو اے ای کی بیٹنگ ابتدا میں تو بہتر نظر آئی جب علیشان شرافو اور کپتان محمد وسیم نے تیز رفتاری سے 26 رنز جوڑ دیے۔ لیکن چوتھے اوور میں بمراہ کی ایک شاندار یارکر نے شرافو کی 22 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ اگلے ہی اوور میں محمد ذوہیب بھی صرف دو رنز بنا کر ویرون چکرورتی کا شکار بنے۔ اس کے بعد وسیم نے سنبھل کر کھیلنے کی کوشش کی اور 19 رنز جوڑے، لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ ان کے آؤٹ ہوتے ہی بقیہ بیٹنگ لائن زمین بوس ہوگئی اور باقی چھ کھلاڑی صرف نو رنز کے اضافے کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔ یوں پوری ٹیم محض 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بھارتی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، خاص طور پر کلدیپ یادو نے صرف 7 رنز دے کر چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔ شیوَم دوبے نے تین شکار کیے جبکہ اکشر پٹیل، چکرورتی اور بمراہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
چھوٹا ہدف بھارت نے باآسانی 6.3 اوورز میں پورا کر لیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر شرما نے صرف 16 گیندوں پر دو چوکے اور تین چھکے لگا کر 30 رنز بنائے۔ ان کے ساتھ شبھمن گل 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور کپتان سوریہ کمار یادو نے 7 رنز کا اضافہ کیا۔ بھارت نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر جیت حاصل کر لی اور 93 گیندیں باقی رہیں۔
