پیرس :سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے اسٹار فٹبالر عثمان ڈیمبیلے نے دنیا کے سب سے بڑے انفرادی فٹبال ایوارڈ بیلن ڈی اور اپنے نام کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ اعزاز جیتنے والے پہلے سیاہ فام مسلمان کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ڈیمبیلے کو یہ ایوارڈ ان کی شاندار کارکردگی پر دیا گیا، جنہوں نے گزشتہ سیزن میں 35 گول اسکور کیے اور پی ایس جی کو لیگ اور کپ ڈبل کے ساتھ ساتھ کلب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ میونخ میں ہونے والے فائنل میں پی ایس جی نے انٹر میلان کو 0-5 سے شکست دی، جو کلب کی شاندار فتح قرار دی جا رہی ہے۔
یہ ایوارڈ کئی برسوں تک لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے قبضے میں رہا، جبکہ 2024 میں اسپین اور مانچسٹر سٹی کے مڈفیلڈر روڈری نے یہ اعزاز جیتا تھا۔
اس بار ڈیمبیلے نے بارسلونا کے نوجوان سینسیشن لامین یامال کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹرافی حاصل کی۔ خواتین کی کیٹیگری میں اسپین کی آئتانا بونماتی نے مسلسل تیسری بار بیلن ڈی اور جیت کر اپنی بالادستی برقرار رکھی۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے عثمان ڈیمبیلے نے کہا کہ "میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، یہ پی ایس جی کے ساتھ ایک ناقابلِ یقین سیزن تھا۔ یہ انفرادی ٹرافی ہے لیکن حقیقت میں یہ اجتماعی کامیابی ہے۔ اس موقع پر پی ایس جی کے کوچ لوئس اینریکے کو بھی سال کے بہترین کلب کوچ کا ایوارڈ دیا گیا، جس نے کلب کی تاریخی کامیابیوں کو مزید جلا بخشی۔
