پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے آخری روز غیر معمولی تیزی دیکھی گئی جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مارکیٹ کی مضبوطی کو ایک نئی بلندی پر پہنچا دیا۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک اور ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 1 لاکھ 61 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر لی۔
کاروباری دن کے دوران 100 انڈیکس میں1864 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یہ 1,61,144 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 1,61,343 پوائنٹس تک بھی پہنچ گیا جو تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ تیزی حکومتی معاشی پالیسیوں، بہتر مالیاتی اشاریوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا نتیجہ ہے۔ خاص طور پر توانائی، بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹرز میں نمایاں سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی، جس نے انڈیکس کو ریکارڈ سطح پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق صرف رواں سال کے دوران ہی 100 انڈیکس میں 39 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال میں یہ اضافہ 96 فیصد تک پہنچ گیا۔ اس سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ خطے کی بہترین پرفارمنگ مارکیٹوں میں شامل ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1,59,280 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ آج کے کاروباری دن میں تیزی کا رجحان دیکھ کر سرمایہ کاروں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اگر یہی رجحان برقرار رہا تو انڈیکس میں مزید ریکارڈ اضافے کا امکان ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی یہ تیز رفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی معیشت بتدریج استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ تاہم وہ خبردار کرتے ہیں کہ عالمی معاشی حالات، تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور سیاسی منظرنامہ مستقبل میں مارکیٹ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
