اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اچانک اعلان کیا کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 15 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس کے بعد اب نیا شیڈول 15 اکتوبر 2025 تک بڑھا دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 21اے کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا مقصد تاجروں، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور عوام کی جانب سے مسلسل کیے جانے والے مطالبات کو مدنظر رکھنا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ صرف ایک روز قبل ہی ایف بی آر نے ایسی خبروں کو ’’جھوٹ، بے بنیاد اور گمراہ کن‘‘ قرار دیتے ہوئے واضح اعلان کیا تھا کہ 30 ستمبر ہی حتمی تاریخ ہوگی۔ ادارے نے خبردار بھی کیا تھا کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرانے والے لیٹ فائلر قرار پائیں گے اور انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایف بی آر نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اس کا آئی رس (IRIS) نظام مکمل طور پر فعال اور بلامسئلہ چل رہا ہے، اور بیشتر ٹیکس دہندگان ایسے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں جو حالیہ سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے، اس لیے ان کے پاس ریٹرن فائل کرنے کے لیے کافی وقت رہا ہے۔
تاہم اچانک سامنے آنے والا یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بڑھتے دباؤ، کاروباری برادری اور وکلا کے اصرار نے ایف بی آر کو اپنے موقف میں تبدیلی پر مجبور کر دیا
