کراچی: متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں یو اے ای کی جانب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس کے لیے مختلف شعبوں میں عملی اقدامات آخری مراحل میں ہیں۔
یہ اعلان کراچی میں ایمریٹس ایئرلائن کے 40 سال مکمل ہونے کی پروقار تقریب کے موقع پر کیا گیا، جس میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام، ایمریٹس کی اعلیٰ قیادت اور یو اے ای قونصل جنرل نے شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات ہمارے لیے انتہائی اہم ہیں، آئندہ چند ماہ میں سرمایہ کاری کے کئی منصوبے سامنے آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ہوائی اڈوں پر سفری سہولیات میں نمایاں بہتری نظر آئے گی اور پی آئی اے کی بحالی کے لیے یو اے ای نیک خواہشات رکھتا ہے۔آج بھی پاکستان کی قومی ایئرلائن دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے، ہم اس کی دوبارہ مضبوط واپسی کے خواہاں ہیں۔
تقریب کے دوران ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے پاکستانی مسافروں کے لیے پریمیئر اکانومی کلاس کے آغاز کا اعلان کیا گیا جو 40 سالہ کامیاب سفر کی یادگار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
ایمریٹس کے نائب صدر محمد الہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی وہ پہلا بین الاقوامی شہر تھا جہاں ایمریٹس ایئرلائن نے اپنی پرواز اتاری۔ ہماری پہلی فلائٹ 25 اکتوبر 1985 کو کراچی پہنچی تھی اور آج پاکستان ہماری اہم ترین مارکیٹوں میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایمریٹس ایئرلائن اس وقت پاکستان کے پانچ بڑے شہروں سے پروازیں چلا رہی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و تجارتی تعلقات میں مسلسل وسعت آ رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق، یو اے ای کی مجوزہ سرمایہ کاری پاکستان میں معاشی استحکام، ایوی ایشن سیکٹر کی ترقی اور عوامی سہولیات میں بہتری کا نیا باب کھول سکتی ہے۔
