امریکہ میں خوراک و ادویات کے نگران ادارے (FDA) نے میمبرز مارک سوپر گرینز’ ڈائٹری سپلیمنٹس میں شامل مورنگا لیف پاؤڈر کی ایک مخصوص کھیپ کو مارکیٹ سے واپس بلانے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ اس میں سالمونیلا بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، جس سے متعدد امریکی شہری فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو چکے ہیں۔ ایف ڈی اے کے مطابق مذکورہ پاؤڈر بھارت کے شہر جودھپور کی کمپنی ویلی فارم ڈائریکٹ سے درآمد کیا گیا تھا۔
یہ سپلیمنٹس امریکہ کے مختلف سیمز کلب اسٹورز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر فروخت ہو رہی تھیں۔ مرکزی تحقیقاتی ادارے (CDC) کے مطابق اب تک سات امریکی ریاستوں ورجینیا، فلوریڈا، کنساس، مشی گن، نیویارک، نارتھ کیرولائنا اور ساؤتھ کیرولائنامیں 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے تین افراد کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ متاثرین میں زیادہ تر افراد نے مورنگا لیف پاؤڈر پر مشتمل سپلیمنٹس استعمال کیے، جبکہ ایک مریض کے گھر سے حاصل کیے گئے نمونے میں وہی سالمونیلا بیکٹیریا پایا گیا جو بیماری کا سبب بنا۔
ایف ڈی اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مذکورہ سپلیمنٹس کا استعمال بند کریں کیونکہ سالمونیلا سے متاثرہ خوراک 12 سے 72 گھنٹے کے اندر فوڈ پوائزننگ اور شدید معدے کی بیماری پیدا کر سکتی ہے۔ ادارے نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آلودگی کے درست مقام اور دیگر متاثرہ مصنوعات کی نشاندہی کی جا سکے۔
صحت کے ماہرین نے عوام سے کہا ہے کہ اگر آپ کے پاس مذکورہ سپلیمنٹس ہیں تو انہیں فوراً اسٹورز یا متعلقہ حکام کے پاس واپس کر دیں۔ یہ اقدام مزید مریضوں کو اس خطرناک وبا سے بچانے کے لیے ناگزیر ہے۔
