نئی دہلی بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکے کی خبر موصول ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ایک گاڑی میں ہوا۔ دھماکے کی نوعیت اور اس کے محرکات کے بارے میں ابتدائی طور پر کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔
دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق دھماکے کے بعد چھ گاڑیوں اور تین رکشوں میں آگ لگ گئی۔ تمام آگ کو جلد قابو میں کر لیا گیا ہے اور دھماکے کی تباہ کاری کی صفائی کا کام جاری ہے۔
ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں، اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
نئی دہلی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کی نوعیت جانچنے کے لیے فوراً تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں یہ کہا جا رہا ہے کہ دھماکہ کسی گاڑی میں نصب شدہ ممکنہ بارودی مواد کے باعث ہوا، تاہم حتمی تصدیق کا انتظار ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق میٹرو سروس متاثر نہیں ہوئی، لیکن سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔
