بلوچستان میں محکمہ زراعت کے ریسرچ سینٹر میں زعفران کی کاشت میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابی نے صوبے کے کاشت کاروں کے لیے ایک نئی امید اور متبادل زرعی راستہ کھول دیا ہے، جو کم پانی، کم لاگت اور زیادہ منافع پر مبنی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق یہ کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بلوچستان شدید پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی اور زیرِ زمین پانی کی تیزی سے گرتی سطح جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔
اس سے قبل بلوچستان کے کاشت کار زیادہ تر ایسی فصلوں اور باغات پر انحصار کرتے رہے ہیں جن کے لیے وافر پانی، مہنگی کھاد اور زیادہ محنت درکار ہوتی تھی، جس کے باعث کسانوں کے اخراجات بڑھتے اور منافع کم ہو جاتا تھا۔ تاہم اب مہنگے ترین عالمی مصالحے کے طور پر پہچانے جانے والا زعفران صوبے کے کسانوں کے لیے ایک نئی معاشی امید بن کر ابھرا ہے، جو نہ صرف کم پانی میں پیدا ہو سکتا ہے بلکہ عالمی منڈی میں اس کی قیمت بھی انتہائی زیادہ ہے۔
محکمہ زراعت کے ماہرین کے مطابق بلوچستان کے سرد اور خشک علاقے زعفران کی کاشت کے لیے قدرتی طور پر موزوں ہیں۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلات، موسیٰ خیل، پشین اور خضدار جیسے اضلاع میں موسم، مٹی اور درجہ حرارت زعفران کی افزائش کے لیے مثالی قرار دیے جا رہے ہیں۔ ریسرچ سینٹر میں کیے گئے تجربات کے دوران کم آبپاشی کے باوجود زعفران کی اچھی پیداوار حاصل ہوئی، جس نے اس فصل کی افادیت کو عملی طور پر ثابت کر دیا۔
زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ زعفران کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اسے دیگر فصلوں کے مقابلے میں بہت کم پانی درکار ہوتا ہے، جبکہ اس کی مارکیٹ ویلیو کئی گنا زیادہ ہے۔ ایک محدود رقبے سے حاصل ہونے والی پیداوار کسان کو روایتی فصلوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ آمدن فراہم کر سکتی ہے۔ اسی وجہ سے زعفران کو مستقبل میں بلوچستان کی زرعی معیشت کے لیے ایک اہم فصل قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ زراعت کے حکام کے مطابق آئندہ مرحلے میں کاشت کاروں کو زعفران کی کاشت، کٹائی، پروسیسنگ اور مارکیٹنگ کے حوالے سے تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ کسان اس فصل سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر زعفران کی کاشت کو سرکاری سرپرستی، تحقیق اور مارکیٹ تک رسائی حاصل ہو جائے تو بلوچستان نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی منڈی میں بھی زعفران پیدا کرنے والے اہم خطوں میں شامل ہو سکتا ہے، جو صوبے کی معیشت اور کسانوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے۔
