ریاض:پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور ہو گیا، جب چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین سول و عسکری اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط دفاعی تعلقات، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا عملی اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ باوقار اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات، غیر معمولی قیادت، دفاعی تعاون کے فروغ اور اسٹریٹجک وژن کے اعتراف میں دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے باعث پاک۔سعودی دفاعی تعلقات نئی بلندیوں کو پہنچے۔
بیان کے مطابق یہ اعزاز علاقائی امن و استحکام، انسداد دہشتگردی، سلامتی اور دفاعی اشتراک کے شعبوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار اور خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس اعزاز کو دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اعتماد کی علامت قرار دیا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق کنگ عبدالعزیز میڈل کا عطا کیا جانا نہ صرف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ذاتی عسکری صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ یہ پاکستان کی مسلح افواج کے عالمی وقار اور پیشہ ورانہ ساکھ کا بھی مظہر ہے۔ یہ اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک ذمہ دار اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
سیاسی و عسکری حلقوں نے اس اعزاز کو پاک۔سعودی تعلقات کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، سلامتی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ث
