کراچی: پاکستان نے 2026 کا آغاز مضبوط معاشی اشاروں اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کے بحال ہونے کے ساتھ کیا ہے۔ اس سلسلے میں عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ (VEON Group) کی جانب سے موبی لنک بینک میں 20 ملین ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت اور اصلاحاتی عمل پر عالمی اعتماد کی عکاس سمجھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ سرمایہ کاری اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں بہتر ضابطہ کاری، معاشی استحکام اور حکومتی اصلاحات نے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی ہے۔ خاص طور پر ڈیجیٹل بینکاری، مالی شمولیت اور اسلامی فنانس جیسے شعبے عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سب سے زیادہ پرکشش بنتے جا رہے ہیں۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ویون گروپ کی سرمایہ کاری پاکستان میں استحکام سے ترقی کے سفر کی توثیق کرتی ہے اور اس سے ملک کی عالمی سرمایہ کاری ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔ غیر ملکی سرمایہ کاری ملکی معیشت کے لیے پائیدار اور ترقی پر مبنی نمو کو سہارا فراہم کرتی ہے، جبکہ مالی شمولیت اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبے کو طویل مدتی بنیادوں پر تقویت ملنے کی توقع ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کا یہ اعتماد حکومتی اصلاحات کی تصدیق ہے اور یہ ایک مثبت اشارہ ہے جو مستقبل میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات بڑھا سکتا ہے۔
ویون گروپ کی سرمایہ کاری کا مقصد موبی لنک بینک کی ڈیجیٹل اسلامی بینکنگ کے فروغ اور جدید مالیاتی خدمات کو ملک میں وسعت دینا ہے، جس سے صارفین کو ڈیجیٹل بینکاری کے جدید مواقع فراہم ہوں گے۔
اقتصادی حلقوں کے مطابق، یہ سرمایہ کاری نہ صرف پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری کی دلچسپی کو بڑھاوا دے گی بلکہ ملکی معیشت میں مالی شمولیت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔
