پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے خلاف گردش کرنے والے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا، مضحکہ خیز اور نفرت انگیز پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر دشمن قوتوں کا قابلِ نفرت پروپیگنڈا نیٹ ورک متحرک ہو چکا ہے جو ایرانی قیادت کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ سپریم لیڈر سے متعلق پھیلائی جانے والی تمام افواہیں اور الزامات بے بنیاد ہیں۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کے دانشمند، دلیر اور ثابت قدم رہبر نہ صرف قوم کی قیادت کر رہے ہیں بلکہ وہ ایرانی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، جو ہر لمحہ ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی سفیر کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای عوام اور ملک کے چوکس سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے موجودہ دور کو ڈیجیٹل دہشت گردی، غلط معلومات اور اخلاقی بددیانتی کا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچ کو مسخ کرنا دشمنوں کا ہتھیار بن چکا ہے، مگر ایرانی قوم حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے۔
بیان کے ساتھ ایرانی سفیر نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی رائفل تھامے تصویر بھی جاری کی، جسے ایران کے دفاعی عزم اور قیادت کے حوصلے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
