ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرور میں مبتلا حکمرانوں کا انجام تاریخ ہمیشہ ایک جیسا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ ایک ایسا شخص جو غرور کے نشے میں پوری دنیا کے فیصلے کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اسے یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اقتدار کے عروج پر بیٹھے طاقتور ترین حکمران بھی تاریخ کے سامنے بے بس ثابت ہوئے۔
ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ خود کو ناقابلِ شکست سمجھتے تھے، مگر وقت نے ثابت کیا کہ ظلم، تکبر اور طاقت کے زعم کا انجام ہمیشہ عبرت ناک ہوتا ہے۔ ان کے بقول جو انجام ان حکمرانوں کا ہوا، وہی ٹرمپ کا بھی ہوگا۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای کا یہ سخت بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کو ایران میں جاری بدامنی اور فسادات کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل لوگوں کو پیغامات دے رہے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور انہیں تخریب کاری پر اکسا رہے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ یہی وہ قوتیں ہیں جنہوں نے ایران پر حملے کیے اور اب اندرونی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم ایران کسی بھی غیر ملکی طاقت کو قوم میں انتشار کے بیج بونے کی اجازت نہیں دے گا۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاہم انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ امریکا ایران کے خلاف نہایت طاقتور آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے بیانات میں بڑھتی ہوئی سختی خطے کو ایک نازک مرحلے میں داخل کر رہی ہے، جہاں ایک غلط قدم بڑے تصادم کا سبب بن سکتا ہے
