امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ایک خطرناک موڑ کی طرف بڑھتی دکھائی دے رہی ہے، جہاں پینٹاگون نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر ممکنہ حملوں کا باقاعدہ منصوبہ پیش کر دیا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق اس منصوبے میں ایران کے جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل سائٹس اور سیکیورٹی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے مختلف آپشنز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی حکام ایران کے خلاف سائبر حملوں، اندرونی سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے اور محدود یا وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی جیسے منظرناموں پر غور کر رہے ہیں۔ امریکی عسکری قیادت کا مؤقف ہے کہ کسی بھی کارروائی سے قبل خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو مضبوط بنانا ناگزیر ہوگا تاکہ ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی حملوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا جا سکے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق خطے میں تعینات امریکی فوجی کمانڈرز نے واشنگٹن کو آگاہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی حملے کے لیے مزید وقت، دفاعی تیاری اور اسٹریٹجک ہم آہنگی درکار ہوگی، کیونکہ ایران کی جوابی صلاحیت نہ صرف امریکا بلکہ اس کےاتحادیوں کے لیےبھی خطرہ بن سکتی ہے۔
دوسری جانب ایک برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو دی گئی بریفنگ میں تہران میں موجود غیر فوجی اہداف اور ایرانی نظام کے سیکیورٹی ڈھانچے کو کمزور بنانے کے مختلف آپشنز بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی حکام مختلف سطحوں پر ممکنہ کارروائی کے نتائج کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ دنوں میں متعدد بار ایران کو خبردار کر چکے ہیں اور ایرانی قیادت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کا مشورہ دے چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود ایران نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے نشانے پر ہوں گے۔
اس کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی ممکنہ مداخلت کے خدشے کے باعث اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی دفاعی افواج ممکنہ طور پر امریکی فضائی حملوں کے لیے اہداف کے تعین میں معاونت کر سکتی ہیں، تاہم اگر اسرائیل براہِ راست کارروائی میں شامل نہ بھی ہوا تب بھی ایران کی جوابی کارروائی میں اسرائیل کے نشانے پر آنے کا خطرہ موجود ہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ہفتے کی شب جرمنی سے امریکی فضائیہ کے دو سی 17 اے فوجی طیارے مشرقِ وسطیٰ روانہ ہوئے، جس کے بعد ایران پر ممکنہ امریکی حملے سے متعلق قیاس آرائیوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام اس پہلو پر بھی غور کر رہے ہیں کہ کسی بھی فوجی کارروائی کا فیصلہ انتہائی احتیاط سے کیا جائے، تاکہ ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہرے امریکی مداخلت کے خلاف عوامی حمایت میں تبدیل نہ ہو جائیں۔
ادھر ایران کی اعلیٰ قیادت مسلسل یہ مؤقف دہرا رہی ہے کہ حالیہ احتجاج دشمن عناصر کی سازش ہیں۔ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے بدامنی، قتل و غارت اور توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا
