اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس افسران کے لیے ایک بڑی خوشخبری سناتے ہوئے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) کو پاسنگ آؤٹ کے موقع پر پلاٹس دینے کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران کو درپیش مالی اور ترقی سے متعلق مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے تربیتی ماڈیولز شامل کیے جائیں گے تاکہ افسران مستقبل میں درپیش سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں۔
محسن نقوی نے اعلان کیا کہ اے ایس پیز کو ایک ماہ کی خصوصی تربیت کے لیے چین بھیجا جائے گا، جہاں وہ جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی کے استعمال اور امن و امان کے جدید طریقۂ کار سے عملی تربیت حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور پولیس کو بھی جدید مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس افسران کی مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس حوالے سے عملی اقدامات کر رہی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ہر پولیس افسر کی تنخواہ بہتر ہو تاکہ وہ مالی دباؤ کے بغیر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے پولیس افسران کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ترقی اور پروموشن سے متعلق مسائل بھی جلد حل کیے جائیں گے تاکہ افسران کا مورال بلند رہے اور ادارہ مزید مضبوط ہو۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کانفرنس ہال، ڈائننگ ہال اور دیگر کمروں کا جائزہ لیا اور کمانڈنٹ کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ تربیتی ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ کے اس اعلان کو پولیس افسران کے لیے ایک اہم اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
