اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کے مقدمات فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف میں تاخیر، انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دوبارہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے دروازے پر کھڑی ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے بھی ملاقات کی جا چکی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ان کا اور پارٹی کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام زیر التوا کیسز کو فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد بانی پی ٹی آئی کے کسی بھی کیس کی سماعت نہیں ہوئی، جو کہ آئینی اور قانونی تقاضوں کے منافی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا دن ہے، اس موقع پر وکلا اور فیملی ممبران اڈیالہ جیل جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کروائی جائیں اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا غیر قانونی اقدام سے گریز کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ عدلیہ سے ان کی امیدیں وابستہ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت نہ ہونا نہ صرف سیاسی انتقام کا تاثر دیتا ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مجروح کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور انصاف کے حصول کے لیے ہر آئینی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
