اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت اور قانون سازی پر سخت ترین تنقید کرتے ہوئے 18 سال سے کم عمر نوجوانوں سے متعلق قانون کو غیر اسلامی قرار دے دیا۔
ایوان میں خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ اسپیکر دباؤ میں ہیں۔ اس پر اسپیکر نے جواب دیا کہ یہ ایسی کرسی ہے جس سے نہ حکومت خوش ہوتی ہے اور نہ ہی اپوزیشن۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر یہ قانون سازی اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجی جاتی تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے دو ٹوک اعلان کیا کہ وہ اس قانون کی خلاف ورزی کریں گے اور 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کی شادیاں کروائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اس قانون کے خلاف اپنا شدید احتجاج ایوان کے ریکارڈ پر لا رہے ہیں اور ایسے قوانین اس ملک میں نہیں چلنے دیے جائیں گے۔
انہوں نے حکومت کے طرزِ عمل کو ’’ڈنگ ٹپاؤ کی سیاست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مائنڈ سیٹ کے خلاف ہیں جس نے یہ قانون بنایا۔مولانا فضل الرحمان نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر پیس بورڈ کے نکات میں تبدیلیاں ہو رہی تھیں تو پاکستان اس فورم میں کیوں گیا؟
عالمی سیاست پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کی جارحیت کو تقویت دے رہے ہیں اور حماس کو کھلی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان، عراق اور لیبیا کو تباہ کر چکا ہے اور خبردار کیا کہ اسرائیل اگر ایران پر حملہ کرتا ہے تو وہ تفتان کی سرحد پر آ کھڑا ہوگا۔مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل کے پہلے صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واضح کیا تھا کہ اسرائیل کی بنیاد ہی ایک نوزائیدہ اسلامی ریاست کے خاتمے پر ہے، جس سے ان کے عزائم بالکل عیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے عالمی فورمز میں شرکت کر رہے ہیں جہاں آغاز ہی دھمکیوں سے ہو رہا ہے۔ملکی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ دنیا بھر میں معاشی ترقی ہو رہی ہے لیکن صرف پاکستان ڈوب رہا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی کابینہ کو۔
