اسلام آبادہلی :ٹی 20ورلڈ کپ سے قبل کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑا اور غیر متوقع موڑ سامنے آ گیا ہے، جہاں بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی چیئرمین کچھ ہی دیر میں اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش نے سکیورٹی اور دیگر خدشات کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی کو متبادل پر غور کرنا پڑا۔
اس سے قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق ایک اور خط انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ارسال کیا تھا۔نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بی سی بی نے شرکت اور بھارت نہ جانے کے معاملے پر ایک اور خط لکھتے ہوئے کیس کو آئی سی سی انڈیپنڈنٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی کو آگاہ کیا ہے کہ وہ کل کے فیصلے کی روشنی میں اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر قائم ہے، تاہم ساتھ ہی بنگلا دیش نے اپنے میچز کسی اور مقام پر منتقل کرنے (ری لوکیٹ) کرنے کی باضابطہ درخواست بھی دی ہے۔
دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کی ممکنہ شمولیت نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ آئی سی سی کے متوقع اعلان پر شائقینِ کرکٹ کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
