نئی دہلی / لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک نیا تنازع سامنے آگیا ہے جس نے عالمی کرکٹ کے ماحول کو کشیدہ بنا دیا ہے۔ بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار کے بعد معاملہ کھیل کے میدان سے نکل کر سفارتی اور سیاسی بحث کا رخ اختیار کر گیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاکستان پر بنگلادیش کی حمایت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔
بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ بھارت نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی اور واضح کیا تھا کہ ان کے کھلاڑیوں کو بھارت میں کسی قسم کا خطرہ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی حکومت نے ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے۔
راجیو شکلا نے مزید کہا کہ بنگلادیش کے دستبردار ہونے کے بعد آخری لمحات میں پورا شیڈول تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا، اسی لیے آئی سی سی نے متبادل ٹیم کے طور پر اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کرلیا۔ انہوں نے پاکستان پر الزام لگایا کہ وہ بلاوجہ اس معاملے میں مداخلت کر رہا ہے اور بنگلادیش کو بھارت نہ جانے پر اکسا رہا ہے، جو ان کے بقول حقائق کے منافی ہے۔
دوسری جانب بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بھارت جانے سے انکار کیا تھا اور درخواست کی تھی کہ اس کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے بنگلادیش کو ایونٹ سے باہر کردیا۔ اس فیصلے کے بعد کرکٹ حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے اور کئی ماہرین اسے کھیلوں میں سیاست کی مداخلت قرار دے رہے ہیں۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی صورتحال پر غور شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کی وزیر اعظم سے ملاقات میں مختلف آپشنز پر بات چیت کی گئی ہے اور اس معاملے پر ہر ممکن راستہ کھلا رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پاکستان اس فیصلے کے خلاف سفارتی اور کھیلوں کے فورمز پر آواز اٹھانے پر غور کر رہا ہے، جس سے آنے والے دنوں میں یہ تنازع مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔
