چین کا جدید ترین 4.5 جنریشن لڑاکا طیارہ جے-10 سی نے سنگاپور ائیر شو میں اپنی فضائی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ چینی میڈیا کے مطابق، یہ مظاہرہ اس وقت ہوا جب چین جنوب مشرقی ایشیا میں اپنی اسلحہ برآمدات میں اضافے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
سنگاپور ائیر شو میں چینی فضائیہ کی ایروبیٹکس ٹیم کے 6 جے-10 سی طیاروں نے مشترکہ فضائی مظاہرہ پیش کیا، جبکہ دو طیاروں نے انفرادی طور پر حیرت انگیز ایروبیٹک کرتب دکھائے، جو بین الاقوامی ماہرین اور حاضرین کے لیے دیکھنے کا ایک نایاب موقع تھا۔
جے-10 سی ایک سنگل انجن، ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جسے چین کی چینگدو ائیرکرافٹ کارپوریشن نے تیار کیا ہے۔ یہ طیارہ جدید انجن اور ایکٹیو الیکٹرانکلی اسکینڈ ایریے ریڈار سے لیس ہے، جبکہ اس میں پی ایل-10 اور پی ایل-15 ائیر ٹو ائیر میزائل نصب کیے جا سکتے ہیں، جو اسے فضائی لڑائی میں انتہائی مؤثر ہتھیار بناتے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق، پاکستان اس وقت چین کے علاوہ واحد ملک ہے جو جے-10 سی طیارے استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان کے پاس اس طیارے کے 36 برآمدی ماڈلز کے ساتھ ساتھ تقریباً 250 پی ایل-15 میزائل موجود ہیں۔
گزشتہ سال مئی میں بھارت کے ساتھ چار روزہ سرحدی جھڑپ کے دوران پاکستان نے ان طیاروں کی مدد سے متعدد بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے، جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ چینی میڈیا کے مطابق، یہ چینی لڑاکا طیارے کی فضائی لڑائی میں پہلی تصدیق شدہ کامیابی اور فرانسیسی رافیل طیارے کا فضائی لڑائی میں پہلا نقصان تھا، جو اس طیارے کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس مظاہرے کو دفاعی ماہرین چین کی دفاعی ٹیکنالوجی کے عالمی سطح پر پھیلاؤ کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے لیے جو اپنی فضائی صلاحیتوں کو جدید بنانا چاہتے ہیں۔
