آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ نے میچ کا رخ بدل دیا۔
147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔ صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ 27 کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئے۔
کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے۔ پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں فرحان اور عثمان کو پویلین بھیج کر میچ میں سنسنی پیدا کر دی۔ اگلے اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کرا دیا۔
محمد نواز 6 اور شاداب خان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں اور فتح مشکل دکھائی دے رہی تھی۔ ایسے میں فہیم اشرف نے میدان سنبھالا اور صرف 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو یادگار فتح دلا دی۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ڈچ اوپنرز مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے 28 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے جبکہ لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے۔
کولن ایکرمین 20 اور باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ایک وقت پر نیدرلینڈ 160 سے 170 تک جاتا دکھائی دے رہا تھا، لیکن پاکستانی بولرز نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز پر حاصل کر لیں اور پوری ٹیم کو 147 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب، محمد نواز اور ابرار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی نے بھی ایک اہم وکٹ اپنے نام کی۔
یوں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ورلڈکپ میں اپنی پہلی فتح سمیٹ لی، تاہم بیٹنگ لائن اپ کو آئندہ میچز میں مزید استحکام دکھانا ہوگا۔
