چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حالیہ طبی معائنے پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں شفاانٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور معائنہ ان کے ذاتی معالجین کی موجودگی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا اور جب عمران خان کو آنکھ کے فالو اپ پروسیجر کے لیے Pakistan Institute of Medical Sciences (پمز) منتقل کیا گیا تو معائنے کے بعد بھی انہیں اطلاع موصول ہوئی۔
نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ بانی کی آنکھ کا فالو اپ پروسیجر مکمل کر لیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کا مؤقف وہی ہے جو عمران خان کی فیملی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ انہیں جدید سہولیات اور جامع طبی نگرانی میسر ہو۔ دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ ان کا طبی معائنہ ان کے ذاتی معالجین کی موجودگی میں کیا جائے تاکہ علاج کے حوالے سے مکمل اعتماد اور شفافیت برقرار رہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور ان کی فیملی اور پارٹی قیادت کو طبی امور میں مکمل آگاہی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہر قدم قانون اور انسانی تقاضوں کے مطابق اٹھایا جائے۔
