کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب سے ڈی پورٹ کی گئی ایک خاتون کو وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے حراست میں لے لیا۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق بہاولپور کی رہائشی گلشن بی بی سعودی عرب میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پائی گئیں، جہاں مقامی حکام نے گرفتاری اور سزا کے بعد انہیں پاکستان ڈی پورٹ کیا۔
امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کلیئرنس کے دوران خاتون کے مشکوک رویے نے اہلکاروں کی توجہ حاصل کی، جس پر تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں گلشن بی بی نے انکشاف کیا کہ انہیں فیصل آباد کے رہائشی ایجنٹ طیب علی ولد معراج الدین نے بیرونِ ملک روانگی میں معاونت فراہم کی۔ مزید یہ کہ سعودی عرب پہنچتے ہی انہیں ایک منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے کیا گیا، جو مختلف مراحل میں انہیں کنٹرول کرتا رہا۔
حکام کے مطابق خاتون نے نیٹ ورک کی کارروائیوں، رابطہ کاروں اور طریقۂ واردات سے متعلق اہم معلومات فراہم کی ہیں، جن کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ملزمہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کو مثالی مقدمہ بنا کر نیٹ ورک کی جڑ تک پہنچا جائے گا، تاکہ مستقبل میں بیرونِ ملک غیر قانونی ترسیل اور انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
