چین کی معروف صنعتی کمپنی Henan Kuangshan Crane Co., Ltd. نے اپنی سالانہ تقریب کو ایک تاریخی اور یادگار موقع بنا دیا جب اس نے اپنے ملازمین میں مجموعی طور پر 18 کروڑ یوآن (7 ارب پاکستانی روپے سے زائد) تقسیم کر دیے۔ اس غیر معمولی اقدام کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں اور دنیا بھر میں اس کمپنی کی مثال دی جانے لگی۔ یہ تقریب نہ صرف جشن کا موقع تھی بلکہ کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کے ساتھ منافع میں عملی شراکت کا واضح پیغام بھی تھا۔
کمپنی کو گزشتہ سال 27 کروڑ یوآن کا منافع حاصل ہوا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ اس کامیابی میں ملازمین کو بھی بھرپور حصہ دیا جائے۔ سالانہ تقریب میں 6 کروڑ یوآن خصوصی طور پر نقد بونس کی صورت میں رکھے گئے۔ ملازمین کو اسٹیج پر بلا کر خصوصی انعامات دیے گئے جبکہ دیگر ملازمین کو مقررہ وقت دیا گیا کہ وہ میزوں پر رکھی گئی رقم میں سے جتنی اٹھا سکتے ہیں، اٹھا کر اپنے ساتھ لے جائیں۔ تقریب کے یہ مناظر کسی فلمی منظر سے کم نہ تھے اور شرکا کا جوش و خروش دیدنی تھا۔
تقریب کے دوران کمپنی کے مالک Chui Pei Jun نے ایک اور حیران کن اعلان کرتے ہوئے کہا کہ واشنگ مشینیں بطور تحفہ دینے کے بجائے ہر ملازم کو مزید 20 ہزار یوآن نقد دیے جائیں کیونکہ سونا مہنگا ہو چکا ہے۔ ان کے اس اعلان کے بعد ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور ملازمین نے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔
سن 2002 میں قائم ہونے والی یہ کمپنی کرینوں اور دیگر صنعتی مصنوعات کی تیاری میں عالمی سطح پر پہچان رکھتی ہے اور اس کا کاروبار 130 سے زائد ممالک تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب کمپنی نے اپنے ملازمین کو اس انداز میں نوازا ہو؛ 2024 میں بھی 17 کروڑ یوآن بطور بونس تقسیم کیے گئے تھے جبکہ مارچ 2025 میں عالمی یومِ خواتین کے موقع پر 2 ہزار خواتین ملازمین میں 16 لاکھ یوآن تقسیم کیے گئے تھے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے اقدامات نہ صرف ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ ادارے اور عملے کے درمیان اعتماد اور وابستگی کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
