پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو سندھ کا نیا گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے اس تقرری کی سمری منظوری کے لیے آصف علی زرداری کو ارسال کر دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارک باد دی۔ اس ملاقات میں راناثنااللہ، اسحاق ڈارسمیت دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔
نہال ہاشمی کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے اور وہ طویل عرصے ) سے وابستہ ہیں۔انہوں نے 1997ء سے 1999ء کے دوران اس وقت کے وزیرِ اعظم نوازشریف کے مشیر برائے قانون و انصاف کے طور پر خدمات انجام دیں۔بعد ازاں 2012ء میں انہیں کراچی میں مسلم لیگ (ن) کا صدر مقرر کیا گیا جبکہ اگست 2014ء میں وہ سندھ میں پارٹی چیپٹر کے جنرل سیکریٹری بنے۔
2015ء میں نہال ہاشمی سینیٹ آف پاکستان کے لیے منتخب ہوئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ پنجاب کی نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
2017ء میں پانامہ پیپرز کیس سے متعلق ایک متنازع بیان دینے پر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ (ن) سے نکال دیا گیا تھا۔تاہم بعد ازاں پارٹی قیادت نے 2021ء میں ان کی رکنیت بحال کر دی، جس کے بعد وہ دوبارہ فعال سیاست میں شامل ہو گئے۔سیاسی مبصرین کے مطابق نہال ہاشمی کی گورنر سندھ کے طور پر تعیناتی مسلم لیگ (ن) کی سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کا حصہ سمجھی جا رہی ہے۔
