یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے امریکا کی جانب سے روسی تیل پر 30 دن کی رعایت دینے کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام روس کی جارحیت روکنے کے بجائے اسے مزید مضبوط کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے روس کو تقریباً 10 ارب ڈالر کی اضافی آمدنی حاصل ہو سکتی ہے جو بالآخر یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کی جا سکتی ہے۔
پیرس میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا کہ پابندیوں میں نرمی امن کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ ان کے مطابق اگر روس کو توانائی کی فروخت سے زیادہ آمدنی حاصل ہوئی تو وہ اس رقم کو ہتھیاروں کی تیاری اور فوجی کارروائیوں پر خرچ کرے گا، جو براہِ راست یوکرین کے خلاف استعمال ہوں گے۔
زیلنسکی نے خبردار کیا کہ عالمی برادری کو روس پر دباؤ برقرار رکھنا چاہیے کیونکہ گزشتہ چار برس سے جاری جنگ میں ماسکو کی فوجی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں کا مقصد روس کی مالی اور فوجی صلاحیت کو محدود کرنا تھا، لیکن اس قسم کی رعایتیں اس حکمت عملی کو کمزور کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے جمعرات کو روسی تیل پر پابندیوں میں 30 دن کی عارضی رعایت اس لیے دی ہے تاکہ ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے باعث سمندروں میں پھنسے روسی تیل کے کارگو کو نکالا جا سکے اور عالمی منڈی میں ممکنہ تیل کی قلت کو کم کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق خلیج فارس میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے روس کی معیشت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے کیونکہ ماسکو اپنی جنگی مہم کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بڑی حد تک تیل کی آمدنی پر انحصار کرتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پابندیاں روس کے لیے ایک بڑا معاشی دباؤ بن چکی تھیں، تاہم حالیہ رعایت سے اس کی مالی پوزیشن عارضی طور پر بہتر ہو سکتی ہے
