ملک میں توانائی کے شعبے میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تیل اور گیس کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران مجموعی طور پر یومیہ 3,010 بیرل تیل اور 32 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس کا اضافہ کیا گیا ہے، جو ملکی توانائی پیداوار میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ نئی دریافت ہونے والے کنوؤں سے یومیہ 1,090 بیرل تیل اور 2.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس حاصل کی گئی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مزید 670 بیرل یومیہ تیل اور 1.25 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس کی اضافی پیداوار حاصل ہوئی۔
ترجمان کے مطابق او جی ڈی سی ایل کی مجموعی پیداوار صلاحیت بڑھ کر 37 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے، جو توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جون 2026 تک تیل کی پیداوار کو 40 ہزار بیرل یومیہ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کیلئے پرانی فیلڈز سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پاکستان کی توانائی ضروریات میں مقامی پیداوار کا حصہ بڑھ سکتا ہے، جس سے درآمدی بل پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
