اسلام آباد میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور سبسڈی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے، اور اسی وعدے کو پورا کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔
نئے نرخوں کے مطابق ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 385 روپے فی لیٹر ہو جائے گی، جبکہ پیٹرول بھی سستا ہو جائے گا۔ یہ نئی قیمتیں رات 12 بجے کے بعد نافذ العمل ہو چکی ہیں۔
شہباز شریف نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سبسڈی برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کیلئے سبسڈی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی میں شدید اضافہ ہوا تھا، تاہم اب قیمتوں میں کمی کے بعد اس کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت اب تک عوام کو ریلیف دینے کیلئے 129 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں یہ تجویز دی گئی تھی کہ قیمتوں میں کمی کا کچھ حصہ روک کر اس رقم کی واپسی کی جائے، مگر انہوں نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے مکمل ریلیف عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔
بعد ازاں پیٹرولیم ڈویژن نے قیمتوں میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی نہ صرف عوام کیلئے فوری ریلیف کا باعث بنے گی بلکہ ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جس سے مجموعی مہنگائی میں کمی آ سکتی ہے۔
