لاہور: پنجاب حکومت نے عوامی فلاح کے ایک اہم اقدام کے تحت صوبے میں بلا معاوضہ میت منتقلی سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد دورانِ غم شہریوں کو مالی اور انتظامی مشکلات سے نجات دلانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لیے مختص میت منتقلی گاڑیوں کی چابیاں ڈرائیوروں کے حوالے کیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی عزیز کے بچھڑنے کے دکھ کی گھڑی میں حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ مریض کی وفات کے بعد پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے اور بھاری کرایے وصول کرنا ایک افسوسناک عمل ہے، جس کے خاتمے کے لیے یہ سرکاری سروس شروع کی گئی ہے۔انہوں نے واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میت منتقلی کے دوران اگر کوئی شہری اپنی طرف سے بھی رقم دینے کی کوشش کرے تو ریسکیو اہلکار اسے ہرگز قبول نہ کریں۔
حکومت کے مطابق یہ سروس ابتدائی طور پر بڑے شہروں میں شروع کی گئی ہے اور مستقبل میں اسے مزید اضلاع تک توسیع دی جائے گی تاکہ ہر شہری کو یہ سہولت دستیاب ہو سکے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو مشکل وقت میں مالی بوجھ سے بچانا، شفافیت کو یقینی بنانا اور میت منتقلی کے عمل کو باقاعدہ حکومتی نظام کے تحت لانا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام عوامی ریلیف کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے جو خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کے لیے بڑی سہولت ثابت ہو سکتا ہے
