چین نے اپنی اعلیٰ سفارتی قیادت میں ایک اہم اور غیر متوقع فیصلہ کرتے ہوئے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
چینی وزارتِ انسانی وسائل نے اپنی ویب سائٹ پر مختصر بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ فیصلہ چین کی اعلیٰ قیادت کی منظوری سے کیا گیا ہے۔ تاہم بیان میں برطرفی کی وجوہات یا وقت سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق سن ویڈونگ نے بطور نائب وزیر خارجہ اپنی آخری سرکاری سرگرمی 13 مارچ کو انجام دی تھی، جس میں انہوں نے چین میں برونائی اور ملائیشیا کے سفیروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چین میں بدعنوانی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال چین نے 10 لاکھ سے زائد بدعنوانی کیسز کی تحقیقات کیں اور تقریباً 9 لاکھ 38 ہزار افراد کو مختلف سزائیں دی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق ان کارروائیوں میں اعلیٰ سطح کے 69 صوبائی یا وزارتی عہدیدار، ہزاروں بیوروکریٹس، اور لاکھوں مقامی سطح کے اہلکار بھی شامل رہے ہیں، جو چین کی انسدادِ بدعنوانی مہم کے دائرہ کار کو ظاہر کرتا ہے
